فنانس بل 2027: ایف بی آر کو ری آڈٹ کے مزید اختیارات دینے کی تجویز منظور

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں نئے مالی سال کے فنانس بل اور بجٹ تجاویز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جس میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب بھی شریک ہوئے۔
اجلاس کے دوران کمیٹی نے ایف بی آر کو مخصوص حالات میں کاروباری ریکارڈ، اکاؤنٹس اور انوینٹری کے ری آڈٹ کی تجویز منظور کر لی۔ فنانس بل کے مطابق کمشنر کو چیف کمشنر کی منظوری کے بعد دوبارہ آڈٹ کا حکم دینے کا اختیار حاصل ہوگا۔
نئی شق کے تحت اگر حسابات میں بے ضابطگی یا کسی قسم کے شبہات پائے جائیں تو کاروباری ریکارڈ کا ری آڈٹ کرایا جا سکے گا۔ متعلقہ رجسٹرڈ شخص کو اپنا مؤقف پیش کرنے کا مکمل موقع بھی دیا جائے گا۔
فنانس بل میں انوینٹری کی دوبارہ ویلیوایشن کی تجویز بھی شامل ہے، جس کے تحت رجسٹرڈ شخص کاسٹ اکاؤنٹنٹ کے ذریعے اسٹاک کی نئی مالیت کا تعین کروائے گا، جبکہ ری آڈٹ صرف ایف بی آر کے پینل سے نامزد اکاؤنٹنٹس انجام دیں گے۔
اجلاس میں فنانس بل 2027 کی سیلز ٹیکس سے متعلق مختلف شقوں پر بھی غور کیا گیا۔ سینیٹر شیری رحمان اور سینیٹر طلحہ محمود سمیت اراکین کمیٹی نے مختلف تجاویز پر تفصیلی بحث کی۔



