ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم، چند مقامات پر بارش کا امکان

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے، تاہم چند پہاڑی علاقوں میں بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں شدید گرمی کا سلسلہ جاری رہے گا، جبکہ مری، گلیات اور ملحقہ علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

لاہور میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، جہاں کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری اور زیادہ سے زیادہ 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی توقع ہے، جبکہ موجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ شہر میں بارش کے کوئی امکانات نہیں اور ہوا میں نمی کا تناسب 54 فیصد تک پہنچ گیا ہے۔

خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم کوہاٹ، کوہستان، شانگلہ، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بٹگرام اور کرم کے کچھ علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

سندھ میں شدید گرمی اور خشک موسم کی صورتحال برقرار رہے گی، جبکہ بالائی سندھ میں گرد آلود ہوائیں چلنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

بلوچستان میں بھی موسم شدید گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے، خصوصاً جنوبی علاقوں میں گرمی کی لہر مزید شدت اختیار کر سکتی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button