ہل پارک پلاٹ اسکینڈل میں شدت، کے ایم سی افسر معطل، مبینہ این او سیز سامنے آگئیں

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)ہل پارک پلاٹ اسکینڈل مزید شدت اختیار کر گیا ہے، جس میں ڈپٹی ڈائریکٹر لینڈ کے ساتھ ساتھ ڈائریکٹر لینڈ سے منسوب مبینہ این او سی بھی منظر عام پر آ گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ہل پارک کی پہاڑی کاٹ کر بنائے گئے پلاٹس کے معاملے پر تنازع بڑھتا جا رہا ہے، جبکہ کے ایم سی حکام نے ڈپٹی ڈائریکٹر لینڈ نعمان کی معطلی کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔

میئر کراچی کی جانب سے مذکورہ پلاٹ کے حوالے سے وفاقی وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کو خط لکھا گیا ہے جس میں پلاٹ نمبر G-4-39 کا مکمل ریکارڈ فراہم کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر لینڈ کی جانب سے 30 اپریل 2026 کو ایک مشروط این او سی جاری کی گئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ اگر اراضی کے ایم سی حدود میں نہیں تو تعمیرات پر اعتراض نہیں ہوگا۔

مزید یہ کہ ڈائریکٹر لینڈ کے مبینہ دستخط سے 21 اپریل 2026 کی ایک اور این او سی بھی منظر عام پر آئی ہے جس کا لیٹر نمبر DL/KMC/232/2026 بتایا جا رہا ہے، جس میں کے ایم سی کی مبینہ لاتعلقی کا ذکر ہے۔

ڈائریکٹر لینڈ عدنان زیدی نے اس لیٹر کو جعلی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دستاویز ان کے علم میں نہیں اور اسے جعلی قرار دیا جا رہا ہے۔

ادھر ڈی جی پارکس عارف کھوکھر سے موقف لینے کی کوشش کی گئی تاہم انہوں نے کال کا جواب نہیں دیا، جبکہ کے ایم سی ذرائع کے مطابق معاملے کی تحقیقات جاری ہیں اور جلد حقائق سامنے لائے جائیں گے۔

مزید خبریں

Back to top button