پاک چین دوستی کا نیا باب، وزیراعظم شہباز شریف اور چینی سفیر کی ملاقات میں سی پیک 2.0 پر تیز پیش رفت پر اتفاق

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے وزیراعظم شہباز شریف سے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی، جس میں پاک چین تعلقات، سی پیک 2.0، اقتصادی تعاون اور خطے کی صورتحال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر سید توقیر شاہ، معاونِ خصوصی سید طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ بھی شریک تھیں۔

وزیراعظم نے چینی صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی چیانگ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے اپنے حالیہ دورۂ چین کو انتہائی کامیاب قرار دیا۔ انہوں نے پاکستان اور چین کے درمیان "ہر موسم کی اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری” کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

شہباز شریف نے اس بات پر زور دیا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک 2.0) کے دوسرے مرحلے کے تحت زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، صنعتی ترقی، خصوصی اقتصادی زونز اور معدنیات و کان کنی کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دی جائے۔

وزیراعظم نے ہانگژو میں منعقدہ بزنس ٹو بزنس سرمایہ کاری کانفرنس کے دوران پاکستانی اور چینی کمپنیوں کے درمیان طے پانے والی مفاہمتی یادداشتوں پر جلد عملدرآمد کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کے ثمرات جلد حاصل کیے جا سکیں۔

ملاقات میں قراقرم ہائی وے ری الائنمنٹ منصوبے، سکیورٹی، انسدادِ دہشت گردی، دفاعی تعاون اور پاکستان کے لیے اقتصادی و مالی معاونت سے متعلق امور پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا جبکہ خطے کی بدلتی صورتحال اور اہم عالمی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔

چینی سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے وزیراعظم کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دیتے ہوئے ان کے حالیہ دورۂ چین کی کامیابی کو سراہا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ چین پاکستان کے ساتھ اپنی لازوال اور فولادی دوستی کو مزید مستحکم بنانے کے لیے ہر سطح پر تعاون جاری رکھے گا۔

مزید خبریں

Back to top button