توانائی کے شعبے میں بڑی پیشرفت، سانگھڑ سے تیل و گیس کے نئے ذخائر دریافت

کراچی+سانگھڑ(جانوڈاٹ پی کے) توانائی کے جاری بحران کے دوران پاکستان کے لیے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں ضلع سانگھڑ سے تیل اور گیس کے نئے ذخائر دریافت کر لیے گئے ہیں۔

ترجمان او جی ڈی سی ایل کے مطابق یہ ذخائر بوبی مائننگ لیز کے بوبی ڈیپ-1 کنویں سے حاصل ہوئے ہیں، اور اس پیش رفت سے متعلق حکومت اور شیئر ہولڈرز کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔

بیان کے مطابق مذکورہ کنویں سے یومیہ تقریباً 2 ہزار بیرل تیل حاصل ہونے کی توقع ہے، جبکہ گیس کی ابتدائی پیداوار کا تخمینہ 11 لاکھ اسٹینڈرڈ کیوبک فٹ یومیہ لگایا گیا ہے۔

او جی ڈی سی ایل نے بتایا کہ کنویں کو سمبڑ فارمیشن میں 3 ہزار 305 میٹر کی گہرائی تک کھودا گیا، جہاں سے یہ اہم ذخائر دریافت ہوئے۔

ماہرین کے مطابق یہ دریافت ملکی توانائی ضروریات کو جزوی طور پر پورا کرنے اور تیل و گیس کی طلب و رسد کے فرق کو کم کرنے میں معاون ثابت ہو سکتی ہے۔

توانائی کے شعبے سے وابستہ ماہرین نے اس دریافت کو مثبت پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے مقامی پیداوار میں اضافہ اور درآمدی انحصار میں کمی کی امید پیدا ہوئی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button