بلوچستان میں دہشتگردوں کے خلاف بڑی کامیابی، محسن نقوی کا سکیورٹی فورسز کو زبردست خراجِ تحسین

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان کے مختلف اضلاع میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کو سراہتے ہوئے انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

محسن نقوی نے کارروائیوں کے دوران 17 دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کی کارکردگی کو قابلِ ستائش قرار دیتے ہوئے کہا کہ بروقت اور مؤثر اقدامات کے ذریعے دہشتگرد عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا گیا۔

وزیر داخلہ نے اپنے بیان میں کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز نے ایک بار پھر اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے اور ملک دشمن عناصر کو عبرتناک انجام تک پہنچایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم سکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں پر فخر کرتی ہے اور دہشتگردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ محسن نقوی نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ پاکستان میں امن و استحکام کے قیام کے لیے دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی کے تحفظ اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے ریاستی اداروں کی قربانیاں قابلِ قدر ہیں اور قوم ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔

مزید خبریں

Back to top button