بجٹ میں عوام پر کم سے کم بوجھ ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ آئندہ بجٹ میں عوام پر کم سے کم مالی بوجھ ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے جبکہ حکومت کا فوکس ٹیکس بڑھانے کے بجائے انفورسمنٹ اور کمپلائنس کو بہتر بنانے پر ہوگا۔

اپنے بیان میں وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت مہنگائی میں کمی کیلئے مسلسل اقدامات کر رہی ہے اور معاشی استحکام کو یقینی بنانے کیلئے پالیسی سطح پر اصلاحات جاری ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت خطے میں کشیدگی کم کرنے کیلئے فعال کردار ادا کر رہی ہے اور عالمی سطح پر پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا جا رہا ہے۔

محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں کو تنقید برائے تنقید کے بجائے ملکی معیشت کے استحکام کیلئے مل کر کام کرنا چاہیے۔

انہوں نے زرعی شعبے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے گندم کی پیداوار میں نمایاں اضافہ ممکن ہے، اور کچھ کاشتکار پہلے ہی 60 سے 70 من فی ایکڑ پیداوار حاصل کر رہے ہیں۔

وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف زرعی شعبے کے مسائل سے مکمل آگاہ ہیں اور اگر پاکستان کی زرعی پیداوار میں اضافہ ہوا تو برآمدات کے مواقع میں بھی نمایاں اضافہ ہوگا۔

مزید خبریں

Back to top button