کراچی میں بڑی کارروائی، اسٹیل ملز سے دھات چوری میں ملوث 5 پولیس اہلکار گرفتار

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)کراچی پولیس نے بن قاسم ٹاؤن میں کارروائی کرتے ہوئے پاکستان اسٹیل ملز سے قیمتی دھاتیں چوری کرنے میں ملوث 5 پولیس اہلکاروں سمیت 10 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں کانسٹیبل عرفان شاہ، سعداللہ، منیب، رحمت، محمد علی، عبد الکریم، معشوق علی، صدام حسین، جاوید اور قاضی طاہر شامل ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے قبضے سے 30 کلو چوری شدہ تانبا، 3 موٹر سائیکلیں اور موبائل فونز برآمد کیے گئے ہیں۔
تحقیقات کے مطابق گرفتار ملزمان بدنام زمانہ اسٹیل مل چور روشن مری کیلئے کام کر رہے تھے۔ پولیس کے مطابق کانسٹیبل عرفان شاہ چوروں کو پاکستان اسٹیل مل میں داخل کرواتا تھا جبکہ دیگر اہلکار چوری شدہ سامان وصول کر کے اسے فراہم کرتے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بعد ازاں چوری شدہ سامان کباڑیوں کو فروخت کیا جاتا تھا۔ گرفتار اہلکار بن قاسم اور 15 مددگار بن قاسم میں تعینات تھے جبکہ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔



