موبائل فونزکی درآمدات میں بڑا اضافہ، 10ماہ کے دوران 455 ارب سے زائد کے موبائل فونز درآمد

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)رواں مالی سال موبائل فونزکی درآمدات پرانحصار میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
سرکاری دستاویز کے مطابق پاکستان نے 10ماہ میں 455 ارب 73کروڑ روپے کے موبائل فونز درآمد کیے، اس دوران موبائل فونزکی درآمدات میں 30 اعشاریہ 29 فیصد کااضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
دستاویز میں کہا گیا ہے کہ اپریل2026 میں سالانہ بنیادوں پر موبائل فونزکی درآمدات 40 اعشاریہ 71 فیصد بڑھ گئیں، ماہانہ بنیادوں پر اپریل میں موبائل فونزکی درآمدات میں18 اعشاریہ 70 فیصد جبکہ جولائی 2025 تا اپریل2026 میں موبائل فونزکی امپورٹ 455 ارب 73 کروڑ روپے رہی،گزشتہ سال اسی مدت میں موبائل فونز کی درآمدات 349 ارب 77کروڑ روپے تھی۔
جاری دستاویز کے مطابق پاکستان نےاپریل میں 49 ارب 41 کروڑ 50 لاکھ روپے کے موبائل فونز درآمد کیے جبکہ مارچ 2026 میں 41 ارب 63کروڑ روپے کے فونز درآمد کیے گئے تھے، اپریل2025 میں پاکستان نے 35 ارب 12 کروڑ روپے کے موبائل فونز درآمد کیے تھے۔



