اسلام آباد ہائی کورٹ نے ون کانسٹیٹیوشن ایونیو اپارٹمنٹ مالکان کو بے دخلی سے روک دیا، تاحکم ثانی حکم امتناع جاری

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)اسلام آباد ہائی کورٹ میں ون کانسٹیٹیوشن ایونیو کے سب لیز ہولڈر اپارٹمنٹ مالکان کی انٹراکورٹ اپیلوں پر سماعت ہوئی، جس کے دوران عدالت نے اپارٹمنٹ مالکان کو کسی بھی قسم کی بے دخلی سے روکنے کا حکم جاری کر دیا۔
سماعت جسٹس محمد اعظم خان اور جسٹس انعام امین منہاس نے کی، جبکہ کیس میں سابق ایئر چیف مجاہد انور خان، سابق صدر آئی سی سی احسان مانی اور سابق چیئرمین سینیٹ وسیم سجاد سمیت دیگر فریقین شامل ہیں۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ جب پروجیکٹ مکمل کرنے کا سرٹیفکیٹ ہی نہیں ملا تھا تو رہائشیوں نے وہاں رہنا کیسے شروع کر دیا، کیا سی ڈی اے سو رہا تھا؟
سی ڈی اے کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ اپیلیں قابلِ سماعت نہیں، جبکہ اپارٹمنٹ مالکان کے وکلاء نے کہا کہ سی ڈی اے پہلے ہی رائٹس کو تسلیم کر چکا ہے اور لیز کی ادائیگیاں بھی وصول کی جا چکی ہیں۔
بعد ازاں عدالت نے حکم دیا کہ تاحکمِ ثانی اپارٹمنٹ مالکان کو بے دخل نہ کیا جائے۔



