دکی کوئلہ کان حادثہ، 5 مزدور زندہ بچ گئے، ایک جاں بحق

کوئٹہ(جانوڈاٹ پی کے) بلوچستان کے ضلع دکی میں کوئلہ کان میں مٹی کا تودہ گرنے سے پھنسے مزدوروں کو نکالنے کیلئے ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا، کان میں پھنسے 6 کان کنوں میں سے 5 کو زندہ نکال لیا گیا جبکہ ایک مزدور کی لاش برآمد ہوئی ہے۔
ڈسٹرکٹ انسپکٹر آف مائینز کے مطابق گزشتہ رات کوئلے کی کان میں مٹی کا تودہ گرنے کے باعث 6 کان کن اندر پھنس گئے تھے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا اور 14 گھنٹے کی مسلسل جدوجہد کے بعد ایک کان کن کو زندہ نکال لیا گیا۔ بعد ازاں مزید ریسکیو ٹیمیں طلب کر کے آپریشن جاری رکھا گیا اور 20 گھنٹے بعد مزید 4 کان کنوں کو بھی بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔
حکام کے مطابق آپریشن کے آخری مراحل میں چھٹے کان کن کی لاش بھی نکال لی گئی، جس کے بعد ریسکیو آپریشن مکمل کر دیا گیا۔
یہ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب کان کن 3 ہزار فٹ گہری کان میں کام کر رہے تھے۔



