ٹھٹھہ،جمعیت علمائے اسلام کا پٹرولیم قیمتوں میں اضافے کیخلاف احتجاج

ٹھٹھہ(جاويد لطيف ميمن/جانوڈاٹ پی کے)جمیعت علمائے اسلام ٹھٹھہ کی جانب سے پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ اور ملک میں تیزی سے بڑھتی ہوئی مہنگائی اور غیرقانونی آئین سازی کے خلاف احتجاج۔جمعیت علماء اسلام ٹھٹھہ کے رہنماؤں مولانا عبدالوہاب بلوچ، مولانا سلیم عاطف چانڈیو اور مولانا احمد سومرو کی قیادت میں ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے، قمر توڑ مہنگائی، بے روزگاری اور موجودہ حکومت کی جانب سے ملک میں غیر آئینی قانون سازی، تیزی سے بڑھتی ہوئی بدامنی، اسٹریٹ کرائم اور ٹھٹھہ میں کھلے عام منشیات کی فروخت اور منشیات کا کاروبار کرنے والے مرکزی ملزمان کے خلاف کارروائی نہ کرنے کے خلاف پریس کلب ٹھٹھہ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔اس موقع پر احتجاج کرنے والے مظاہرین نے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث غریب آدمی شدید پریشان ہے، جبکہ بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بے روزگاری نے عوام کی زندگی عذاب بنا دی ہے۔رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ عوام کو جلد ریلیف فراہم کیا جائے، بدامنی اور منشیات کی فروخت پر قابو پایا جائے اور عوامی مسائل کا فوری حل نکالا جائے۔ بصورت دیگر ان کا احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔



