ماتلی کے بزرگ صحافی گلزار احمد پھول کی آج تیسری برسی منائی گئی

ماتلی(محمد راحیم گدی/جانو ڈاٹ پی کے )ماتلی کے بزرگ صحافی گلزار احمد پھول کی آج تیسری برسی کے موقع پر ماتلی کی صحافتی برادری نے انہیں بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کی صحافتی، سماجی و عوامی خدمات کو زبردست الفاظ میں سراہا۔ انہیں ہم سے بچھڑے تین برس بیت گئے تاہم ماتلی سمیت ضلع بدین کے صحافتی، سماجی اور عوامی حلقوں میں آج بھی ان کی صحافتی خدمات، خوش اخلاقی، شفقت، رہنمائی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے کی جانے والی جدوجہد کو قدر کی نگاہ سے یاد کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر ماتلی پریس کلب کے صحافی اے۔ایم۔گدی، اسلم قائمخانی، عبدالستار عمرانی، نثار احمد کشمیری، دل مراد، بابو نظیر احمد کمبو، محمد صالح میمن، عبدالحق قائمخانی، بابر مغل، دلشاد مغل، رمضان مغل، محمد مقصود پیمبرو اور دیگر نے مرحوم گلزار احمد پھول کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک نفیس، ملنسار، بااخلاق، نڈر اور اصول پسند صحافی تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی صحافت، سماجی خدمت اور عوامی مسائل کو اجاگر کرنے کے لیے وقف کر رکھی تھی۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم نے ہمیشہ حق اور سچ کی آواز بلند کی، نوجوان صحافیوں کی بھرپور رہنمائی کی اور صحافتی اقدار کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔ صحافیوں نے کہا کہ گلزار احمد پھول ماتلی کو ضلع بنانے کی تحریک کے بھی ایک مضبوط حامی تھے اور اس مقصد کے لیے ان کا قلم مسلسل متحرک رہا۔ انہوں نے اپنی تحریروں اور خبروں کے ذریعے ماتلی کو ضلع بنانے کے مطالبے کو ہر سطح پر اجاگر کیا اور عوامی آواز کو متعلقہ حکام تک پہنچانے میں نمایاں کردار ادا کیا۔ مقررین نے کہا کہ اگرچہ مرحوم کی زندگی میں ماتلی کو ضلع کا درجہ حاصل نہ ہوسکا، تاہم جب بھی ماتلی ضلع بنے گا تو اس تحریک اور جدوجہد میں گلزار احمد پھول کی صحافتی خدمات اور ان کی قلمی کاوشوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم نہ صرف ایک بہترین صحافی بلکہ ایک شفیق، مخلص اور عوام دوست شخصیت کے مالک تھے جن کی کمی آج بھی صحافتی حلقوں میں شدت سے محسوس کی جاتی ہے۔ آخر میں مرحوم گلزار احمد پھول کے درجاتِ بلندی، مغفرت اور پسماندگان کے لیے خصوصی دعا کی گئی جبکہ صحافی برادری نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمایا جائے۔

مزید خبریں

Back to top button