پاک چائنہ سفارتی تعلقات کی75سال مکمل،گورنمنٹ گرلز ہائی سکول میں پروقار تقریب کا انعقاد

اوکاڑہ(رپورٹ:وحیدآرائیں/جانوڈاٹ پی کے )پاک چائنہ سفارتی تعلقات کی75سال مکمل،گورنمنٹ گرلز ہائی سکول میں پروقار تقریب کا انعقاد، سی ای او ایجوکیشن محمد یوسف کاہلوں نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور چین کے مابین مثالی اور لازوال سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کے تاریخی موقع پر، وزیراعلیٰ پنجاب اور صوبائی حکومت کی ہدایات کی روشنی میں گورنمنٹ گرلز ہائی سکول میں پاک چائنہ دوستی کی ڈائمنڈ جوبلی کے موقع خوبصورت تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ سی ای او ایجوکیشن محمد یوسف کاہلوں نے کہا ہے کہ یہ دن دونوں ممالک کے مابین بے مثال اعتماد، اقتصادی تعاون اور لازوال اسٹریٹجک پارٹنرشپ کی تجدید کا دن ہے اور اس دن کو سرکاری سطح پر منایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک چائنہ سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونا ہماری خارجہ پالیسی اور لازوال دوستی کا ایک عظیم سنگِ میل ہے۔ چین نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ اوکاڑہ کی سرکاری عمارات پر لہراتے پاکستان اور چین کے پرچم اس بات کا ثبوت ہیں کہ پاک چائنہ دوستی صرف حکومتوں تک محدود نہیں، بلکہ یہ دونوں ممالک کے عوام کے دلوں میں دھڑکتی ہے۔ ہم اس تاریخی موقع پر چینی قیادت اور عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں



