میرپورخاص: اربوں روپے کی زمینوں کے مبینہ فراڈ اسکینڈل میں پیشرفت، ریونیو نیٹ ورک بے نقاب

میرپورخاص (شاھدمیمن/جانو ڈاٹ پی کے) شہریوں اور سرکاری زمینوں کی مبینہ جعلسازی، جعلی کھاتوں میں ردوبدل اور بے نامی اندراجات کے ذریعے فروخت کے بڑے اسکینڈل میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ اینٹی کرپشن پولیس میرپورخاص کی جانب سے گرفتار محکمہ ریونیو کے مبینہ فرنٹ مین امتیاز برفت کے اعترافی بیان کے بعد ایک منظم لینڈ مافیا کے نیٹ ورک کے انکشافات سامنے آئے ہیں۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق ملزم نے دعویٰ کیا ہے کہ ضلع بھر میں سرکاری ریکارڈ میں ردوبدل، جعلی اندراجات اور زمینوں پر قبضوں کے ذریعے ایک منظم گروہ سرگرم ہے، جس میں ریونیو افسران، تپیدار، اسٹیٹ ایجنٹس اور دیگر افراد شامل ہیں۔
الزامات کے مطابق مبینہ نیٹ ورک میں مختلف ریونیو افسران اور اہلکاروں کے ساتھ ساتھ بعض نجی افراد بھی شامل ہیں جو جعلی کھاتوں اور دستاویزات کے ذریعے زمینوں کی خرید و فروخت اور بے نامی ٹرانزیکشنز میں کردار ادا کرتے رہے۔
مزید الزام میں کہا گیا ہے کہ بعض حساس فائلیں اور ریکارڈ میں ردوبدل مخصوص مقامات پر کیا جاتا تھا، جبکہ جعلی سیل ڈیڈز اور پرانی تاریخوں میں دستاویزات تیار کر کے زمینوں کی منتقلی کی جاتی تھی۔
ذرائع کے مطابق انکشافات کے بعد اینٹی کرپشن حکام نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا ہے اور مزید گرفتاریوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ تمام الزامات کی شفاف جانچ کی جا رہی ہے اور حتمی رپورٹ کے بعد ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔



