میرپورخاص میں صحت کے نظام کی بہتری کیلئے اعلیٰ سطح اجلاس، اسپتالوں میں صفائی اور انفیکشن کنٹرول پر زور

میرپورخاص (شاھدمیمن\جانوڈاٹ پی کے) میرپورخاص میں صوبائی وزیر صحت و بہبود آبادی سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے ایک روزہ دورے کے دوران کمشنر کمیٹی ہال میں ڈویژن بھر کے محکمہ صحت کے افسران کے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں عوام کو مختلف بیماریوں سے محفوظ رکھنے، اسپتالوں میں صفائی ستھرائی کے نظام کی بہتری اور انفیکشن پریوینشن اینڈ کنٹرول (IPC) سے متعلق اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں کمشنر میرپورخاص سبھاش چندر، ڈائریکٹر جنرل صحت ڈاکٹر وقار میمن، ڈپٹی کمشنر نواب سمیر حسین لغاری، میئر عبدالروف غوری، ایس ایس پی سید فدا حسین شاہ، ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر عبدالشکور جروار، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہا کہ سندھ حکومت عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت مند زندگی کے لیے احتیاطی تدابیر اپنانا ضروری ہے جبکہ اسپتالوں میں صفائی، حفظان صحت اور بنیادی حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانا ہوگا تاکہ بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انفیکشن پریوینشن اینڈ کنٹرول کے تحت مختلف سیمینارز اور تربیتی پروگرامز منعقد کیے جا رہے ہیں جو مختلف ڈویژنز میں جاری ہیں، جن میں سکھر، شہید بینظیر آباد اور اب میرپورخاص شامل ہیں جبکہ آئندہ حیدرآباد اور کراچی میں بھی ایسے پروگرام منعقد ہوں گے۔

ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال میں سہولیات کی کمی سے متعلق سوالات پر وزیر صحت نے کہا کہ متعلقہ مسائل کی فہرست مرتب کر کے ضلعی انتظامیہ کے ذریعے فراہم کی جائے تاکہ ان کے حل کے لیے اقدامات کیے جا سکیں۔

ایم پاکس (Mpox) سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ میرپورخاص میں اس وقت کوئی کیس موجود نہیں جبکہ خیرپور کے کیسز بھی کنٹرول میں ہیں اور صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے۔

کمشنر میرپورخاص سبھاش چندر نے کہا کہ تربیتی پروگرامز کے ذریعے اسپتالوں میں بہتر طبی طریقہ کار سے متعلق آگاہی فراہم کی گئی ہے، جبکہ ریسکیو 1122 سے متعلق شکایات پر بھی متعلقہ حکام سے بات کی جائے گی تاکہ عوام کو بہتر سہولیات مل سکیں۔

مزید خبریں

Back to top button