اوکاڑہ میں ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ریسکیو 1122 کی موک ایکسرسائز، اداروں کی تیاریوں کا عملی مظاہرہ

اوکاڑہ ( رپورٹ وحیدآرائیں/جانوڈاٹ پی کے )سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیر کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ممکنہ سیلابی و اربن فلڈنگ سے نبرد آزما ہونے کے لیے ریسکیو 1122 اوکاڑہ کے زیرِ اہتمام لوئر باری دوآب پر ایک جامع پری فلڈ موک ایکسرسائز کا انعقاد کیا گیا۔ موک ایکسرسائز کی قیادت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ظفر اقبال نے کی جبکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) محمد شعجین وسطرو نے موقع پر پہنچ کر انتظامات، تیاریوں اور مختلف اداروں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔
فلڈ موک ایکسرسائز کا مقصد ممکنہ سیلابی و اربن فلڈنگ کی صورتحال میں اداروں کے باہمی رابطے، دستیاب وسائل کی مؤثر کارکردگی اور بروقت ریسپانس کو یقینی بنانا تھا۔ موک ایکسرسائز میں ریسکیو سکاؤٹس، لائیو اسٹاک، سول ڈیفنس، ایجوکیشن، واسا، ہیلتھ، پولیس سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے افسران و نمائندگان نے بھرپور شرکت کی۔
مشق کے دوران ریسکیو و دیگر اداروں کی جانب سے معلوماتی و آگاہی اسٹالز قائم کیے گئے جہاں سیلابی حالات میں استعمال ہونے والے آلات، حفاظتی اقدامات اور ریسکیو آپریشنز سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ظفر اقبال نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) کو تمام اسٹالز کا دورہ کرواتے ہوئے اداروں کی تیاریوں اور سہولیات سے آگاہ کیا۔
ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے کشتی رانی، ڈوبنے والے افراد کو محفوظ طریقے سے ریسکیو کرنے اور ایمرجنسی انخلاء کی عملی مشقوں کا مظاہرہ کی۔ انسیڈنٹ کمانڈ پوسٹ پر ایمرجنسی کمیونیکیشن سسٹم کی فعالیت برقرار رکھنے کے لیے وائرلیس کمیونیکیشن کے مؤثر استعمال پر بھی عملی بریفنگ دی گئی۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) محمد شعجین وسطرو نے ریسکیو 1122 اور دیگر اداروں کی تیاریوں کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ تمام محکموں کے درمیان مؤثر رابطہ اور مربوط حکمت عملی کسی بھی ہنگامی صورتحال میں عوام کو بروقت اور بہتر سہولیات فراہم کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ظفر اقبال نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریسکیو 1122 کے اہلکار سیلاب، طوفان اور دیگر قدرتی آفات سمیت ہر قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں اور انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے



