سوشل میڈیا انفلوئنسر ثنا یوسف قتل کیس، ملزم عمر حیات کو سزائے موت سنا دی گئی

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے سوشل میڈیا انفلوئنسر ثنا یوسف کے قتل کے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے ملزم عمر حیات کو مجرم قرار دے کر سزائے موت سنا دی۔
ایڈیشنل سیشن جج افضل مجوکہ نے کیس کا فیصلہ سنایا، جس کے دوران عدالت میں ملزم سے متعلق شواہد، کال ریکارڈز اور چیٹ اسکرین شاٹس بھی پیش کیے گئے۔
سماعت کے دوران مدعی کے وکیل نے ملزم کو دو مرتبہ سزائے موت دینے کی استدعا کی، جبکہ ملزم کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے مؤکل نے ٹرائل کورٹ اور پراسیکیوشن پر عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے اور اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر درخواستیں زیر التوا ہیں۔
گزشتہ روز سماعت کے دوران ملزم عمر حیات نے صحتِ جرم سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس کا ثنا یوسف سے کوئی رابطہ نہیں تھا اور نہ ہی اس نے قتل کا اعتراف کیا ہے۔
عدالت میں دورانِ سماعت جج نے فارنزک شواہد اور موبائل ڈیٹا سے متعلق سوالات بھی کیے، تاہم ملزم نے اپنے وکیل کے بغیر جواب دینے سے انکار کر دیا تھا۔
عدالتی فیصلے کے بعد کیس قانونی مرحلے میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔



