آرٹس کونسل پاکستان میں 3 روزہ ’آرٹس المنائی فیسٹیول 2026‘ کا افتتاح

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)آرٹس کونسل آف پاکستان کے زیر اہتمام 3 روزہ ’آرٹس المنائی فیسٹیول 2026‘ کا رنگا رنگ افتتاح کردیا گیا۔
فیسٹیول کا افتتاح معروف مزاح نگار و دانشور انور مقصود نے صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ کے ہمراہ ’المنائی آرٹ نمائش‘ کی ربن کاٹ کرکیا۔
نمائش میں آرٹس کونسل کے نائب صدر منور سعید، سیکرٹری اعجاز فاروقی، کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی، فنونِ لطیفہ سے وابستہ شخصیات اور المنائی سمیت طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
احمد پرویز آرٹ گیلری میں منعقدہ ’المنائی آرٹ نمائش‘ میں 19طلبہ کے تخلیق کردہ 31منفرد اور دلکش فن پارے شائقینِ فن کی توجہ کا مرکز رہے۔
اس موقع پر مہمان خصوصی معروف مزاح نگار ودانشور انور مقصودنے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج خوشی کا دن ہے، ہمارے ملک میں کل کا دن معرکۂ حق ہوگا، آپ کو آج آپ کا حق مل گیا ہے، میرے کام کی پہلی نمائش 1958 جب کہ صادقین کے فن پاروں کی پہلی نمائش 1957 میں ہوئی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت میری تصویر کی قیمت 100 روپے اور صادقین کی 800 روپے تھی، آج میں نے آپ کی تصاویر کی قیمتیں دیکھی ہیں، میں حیران ہوں۔
صدر آرٹس کونسل احمد شاہ نے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اپنے فیکلٹی ہیڈز پر فخر ہے، ہم نے میوزک اکیڈمی ایک فرد کے ساتھ شروع کی تھی، فائن آرٹس میں ہم نے ایسا بہترین ٹیلنٹ دیکھا ہے جو کہیں اور کم ہی نظر آتا ہے، محمود علی خان نے میوزک کا آغاز کیا، ہم مسلسل کوشش کر رہے ہیں کہ ادارے کو مزید مضبوط بنایا جائے۔
تین روزہ ’آرٹس المنائی فیسٹیول‘ 10مئی تک آرٹس کونسل آف پاکستان میں جاری رہے گا جس میں تھیٹر، موسیقی، کلاسیکل و فوک ڈانس، لائیو پرفارمنس، آرٹ نمائش اور مکالماتی نشستوں کا انعقاد کیا جائے گا۔



