صدرآصف زرداری کا چین میں آتش بازی کی فیکٹری میں دھماکہ پر گہرے دکھ اورافسوس کا اظہار

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے چین کے صوبہ ہنان کے شہر لی یانگ میں آتش بازی کی فیکٹری میں ہونے والے ہولناک دھماکے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اس حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع اور متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
صدر مملکت نے جاں بحق افراد کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس مشکل وقت میں چین کے ساتھ مکمل یکجہتی کا بھی اعادہ کیا۔
اپنے بیان میں صدر زرداری نے چین کے صدر شی جن پنگ اور چینی عوام سے بھی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس سانحے میں چین کے ساتھ کھڑا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور یہ تعلقات باہمی اعتماد، احترام اور دوستی پر مبنی ہیں۔



