ماسکو میں ’’نیشنلٹیز ڈے‘‘ فیسٹیول، پاکستانی طلبہ نے ثقافتی رنگ بکھیر دیئے

ماسکو(جانوڈاٹ پی کے\ویب ڈیسک) ماسکو کی نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (MISIS) میں منعقدہ ’’نیشنلٹیز ڈے‘‘ کے دسویں سالانہ طلبہ فیسٹیول میں پاکستانی طلبہ نے بھرپور انداز میں شرکت کرتے ہوئے اپنی ثقافت کے رنگ بکھیر دیئے۔
تقریب میں پاکستانی طلبہ نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے ایک خوبصورت سٹال سجایا، جس میں روایتی لباس، دیدہ زیب زیورات اور ہاتھ سے تیار کردہ دستکاری کے نمونے پیش کئے گئے، جو شرکاء کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔
یہ تقریب روس میں پاکستانی سفارت خانے کے تعاون سے منعقد کی گئی، جس کے باعث پاکستان کی ثقافتی جھلک کو مؤثر انداز میں پیش کیا گیا۔
.jpg)
تقریب کے دوران پاکستانی طلبہ نے لوک گیتوں اور روایتی رقص کی شاندار پرفارمنس بھی پیش کی، جسے حاضرین نے بے حد سراہا اور خوب داد دی۔
منتظمین کے مطابق اس طرح کی سرگرمیاں مختلف ممالک کے طلبہ کے درمیان ثقافتی ہم آہنگی کو فروغ دیتی ہیں، جبکہ پاکستانی طلبہ کی شرکت نے فیسٹیول کو مزید رنگین بنا دیا۔



