چارسدہ میں مولانا محمد ادریس ترنگزئی پر حملہ، صدرِ مملکت کا اظہارِ افسوس اور مذمت

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے چارسدہ میں مولانا محمد ادریس ترنگزئی پر حملے اور ان کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
صدر مملکت نے شہید کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبر عطا کرے۔
انہوں نے واقعے میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کی جلد صحتیابی کے لیے بھی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ ایسے بزدلانہ دہشت گردانہ اقدامات سے قوم کے حوصلے پست نہیں کیے جا سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ وطنِ عزیز سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے قومی عزم مضبوط اور غیر متزلزل ہے۔
صدرِ مملکت نے واضح کیا کہ دہشت گرد عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رہے گی اور ملک کو امن کا گہوارہ بنایا جائے گا۔



