صدر زرداری کا عراق کے نامزد وزیراعظم سے رابطہ، اقتصادی و ادارہ جاتی تعاون بڑھانے پر زور

سانیا(جانوڈاٹ پی کے) صدر مملکت آصف علی زرداری نے چین کے شہر سانیا کے سرکاری دورے کے دوران عراق کے نامزد وزیراعظم علی فالح کاظم الزیدی سے ٹیلیفونک گفتگو کی اور انہیں نئی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد دی۔
یکم مئی 2026 کو ہونے والی گفتگو میں صدر زرداری نے علی فالح خادم الزیدی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کا بطور وزیراعظم انتخاب عراقی قیادت کے ان پر اعتماد کا مظہر ہے، خصوصاً ایسے وقت میں جب عراق کو سیاسی استحکام کی ضرورت ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور عراق کے تعلقات مشترکہ اقدار، باہمی احترام اور برادرانہ روابط پر مبنی ہیں، اور پاکستان ان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔
گفتگو کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، انفراسٹرکچر، زراعت اور قابلِ تجدید توانائی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر زور دیا گیا۔
صدر زرداری نے تعلیمی تعاون اور عوامی روابط کو فروغ دینے کی اہمیت بھی اجاگر کی تاکہ پاکستان اور عراق کے درمیان طویل المدتی شراکت داری کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔
عراق کے نامزد وزیراعظم نے صدر زرداری کی نیک خواہشات پر شکریہ ادا کیا اور انہیں مناسب وقت پر عراق کے دورے کی دعوت بھی دی۔



