پاکستان نیوی کیلئے تاریخی سنگِ میل، پہلی ہنگور کلاس آبدوز پاک بحریہ میں شامل

اسلام آباد / سانیا(جانوڈاٹ پی کے) چین کے شہر سانیا میں پاکستان نیوی کی پہلی ہنگور کلاس آبدوز PNS/M HANGOR کی کمیشننگ تقریب منعقد ہوئی، جس میں صدر آصف علی زرداری نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف بھی موجود تھے۔

صدر آصف علی زرداری نے ہنگور کلاس آبدوز کی شمولیت کو پاک بحریہ کی جدید کاری میں ایک تاریخی سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنی خودمختاری، بحری مفادات اور معاشی راہداریوں کے تحفظ کیلئے مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔

نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ عالمی تجارت اور توانائی کے تحفظ کیلئے اہم بحری گزرگاہوں کا استحکام ناگزیر ہے، جبکہ جدید ٹیکنالوجی سے لیس بحری قوتیں خطے میں توازن برقرار رکھنے کیلئے ضروری ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ہنگور کلاس آبدوزیں جدید ہتھیاروں، ایڈوانس سینسرز اور ایئر انڈیپنڈنٹ پروپلشن (AIP) سسٹم سے لیس ہیں، جو بحیرہ عرب اور بحر ہند میں اہم Sea Lines of Communication (SLOCs) کے تحفظ اور دفاعی صلاحیت میں کلیدی کردار ادا کریں گی۔

نیول چیف نے کہا کہ “ہنگور” نام پاکستان کی عسکری تاریخ میں خصوصی اہمیت رکھتا ہے، کیونکہ 1971 میں سابقہ ہنگور آبدوز نے دوسری جنگ عظیم کے بعد پہلی بار ایک جنگی جہاز کو غرق کر کے تاریخ رقم کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ نئی PNS/M HANGOR اسی شاندار روایت کو آگے بڑھائے گی اور پاک بحریہ کے بیڑے کو جدید ترین ٹیکنالوجی سے مزید مضبوط بنائے گی۔

تقریب کو پاکستان اور چین کی دیرینہ دوستی اور دفاعی تعاون کا ایک اور اہم باب قرار دیا جا رہا ہے۔ تقریب میں پاک بحریہ اور پی ایل اے نیوی کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔

وزیراعظم پاکستان، آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے بھی اس تاریخی کامیابی پر قوم اور پاک بحریہ کو مبارکباد دی۔

مزید خبریں

Back to top button