زمین کو سرسبز بنانا موسمیاتی تبدیلی کیخلاف سب سے بڑا ہتھیار ہے، مریم نواز

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ زمین کو سرسبز بنانا موسمیاتی تبدیلی کے خلاف سب سے بڑا ہتھیار ہے۔
مریم نواز شریف نے یومِ ارض کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں زمین کے تحفظ، ماحولیاتی بہتری اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کم کرنے کے لیے اجتماعی اقدامات پر زور دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ زمین کو سرسبز بنانا موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف سب سے بڑا ہتھیار ہے، جبکہ ہر شخص کو پلاسٹک کے استعمال کو ترک کرنے کے ساتھ ساتھ شجرکاری کو بھی اپنانا چاہیے۔ وزیراعلیٰ نے تمام صوبائی وزراء کو ہدایت کی کہ وہ شجرکاری کریں اور زمین کو بچانے کے لیے عوامی شعور اجاگر کرنے کی مہم چلائیں۔
مریم نواز شریف نے جنگلات کے تحفظ، کاربن کے اخراج میں کمی اور گرین معیشت کے فروغ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ زمین کو بچانے اور فطرت کے ساتھ ہم آہنگی پیدا کرنے والے تمام افراد اور تنظیمیں خراج تحسین کی مستحق ہیں۔
انہوں نے کہا کہ زمین صرف ہماری نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کی امانت ہے، اس لیے قدرتی وسائل اور درختوں کے تحفظ کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ پنجاب میں پلاسٹک زیرو ویسٹ پالیسی اپنائی جا چکی ہے اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے پہلی “سمارٹ انوائرمنٹ فورس” قائم کی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یومِ ارض زمین کو درپیش ماحولیاتی خطرات سے متعلق شعور اجاگر کرنے کا دن ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانا، قدرتی وسائل کا تحفظ، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو کم کرنا اور زمین کی صحت کو بہتر بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے، ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کے لیے ایک صحت مند اور سرسبز زمین چھوڑ کر جانا ہے۔
مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ ماحولیاتی بہتری کے لیے 10 سالہ کلائمیٹ چینج ایکشن پلان پر کام شروع کر دیا گیا ہے جبکہ زمین اور ماحولیات کی بہتری کے لیے مختلف میگا پراجیکٹس پر بھی کام جاری ہے۔



