زمین کے قدرتی وسائل انسانی زندگی کی بقا کیلئے ناگزیر ہیں، وزیراعظم

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یومِ ارض کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ زمین کے قدرتی وسائل انسانی زندگی کی بقا کیلئے ناگزیر ہیں۔
عالمی یوم ارض پر اپنے بیان میں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان آج بھرپور اور پرعزم انداز میں زمین کا عالمی دن منا رہا ہے، یہ دن زمین کی ناگزیر اہمیت کو اجاگر کرتا ہے اور اس کے تحفظ کی اجتماعی ذمہ داری کا احساس بھی دلاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ زمین کے قدرتی وسائل، انسانی زندگی کی موجودگی اور نشو ونما کی ضمانت ہیں، زمین نباتات و حیوانات ہر طرح کی زیست کو پروان چڑھاتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آج کرہ ارض کو موسمیاتی تبدیلی سمیت مختلف ماحولیاتی چیلنجز درپیش ہیں جو اس کے قیمتی قدرتی وسائل، موسمی تغیر اور معیار زندگی پر اثرات مرتب کر رہے ہیں، پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے متاثرین میں نمایاں ہے یہ صورتحال زمین کے قدرتی خدوحال کے تحفظ کے عزم کو اور بھی پختہ کرتی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ موسمی شدت اور غیر معمولی تغیرات زمین کی ماحولیاتی تبدیلی کے عکاس ہیں، حکومت پاکستان زمین کے قدرتی وسائل، نباتات اور ماحول کے تحفظ اور موسمیاتی تبدیلی سے مقابلہ کرنے کیلئے دیگر اقدامات سمیت قابل تجدید توانائی کے فروغ کیلئے کوشاں ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر موثر بین الاقوامی تعاون اور ماحول کے تحفظ سے ہم آہنگ اجتماعی حکمت عملی ناگزیر ہے۔



