پاکستان اور مصر کی مشترکہ فوجی مشق “تھنڈر-II” کامیابی سے مکمل

راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان اور مصر کی افواج کے درمیان دو ہفتوں پر مشتمل مشترکہ فوجی مشق تھنڈر-II فوجی مشق خیبر پختونخوا کے علاقے چراٹ میں کامیابی کے ساتھ مکمل ہو گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق اس مشق کا بنیادی مقصد انسدادِ دہشتگردی آپریشنز میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون، پیشہ ورانہ مہارت اور مشترکہ حکمت عملی کو فروغ دینا تھا۔
مشق کے دوران پاکستان آرمی کے اسپیشل سروسز گروپ ایس ایس جی اور مصری اسپیشل فورسز نے جدید انسداد دہشتگردی تکنیکوں پر مشترکہ تربیت حاصل کی، جس سے دونوں افواج کے درمیان آپریشنل ہم آہنگی میں نمایاں اضافہ ہوا۔
اختتامی تقریب میں ایس ایس جی کے جنرل آفیسر کمانڈنگ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، جبکہ مصر کے پیراٹروپرز کے کمانڈر میجر جنرل محمد سعد عبد الرازق اور مصری دفاعی اتاشی بھی موجود تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ مشق پاکستان اور مصر کے درمیان دیرینہ عسکری تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوئی ہے۔
ماہرین کے مطابق ایسی مشترکہ مشقیں نہ صرف انسداد دہشتگردی صلاحیتوں میں اضافہ کرتی ہیں بلکہ عالمی سطح پر دفاعی تعاون کو بھی فروغ دیتی ہیں۔



