ہنگول نیشنل پارک میں نایاب تیندوا نظر آ گیا، ماہرین حیران

لسبیلہ(جانوڈاٹ پی کے)بلوچستان کے ہنگول نیشنل پارک میں نایاب پرشین تیندوا (Persian Leopard) کی موجودگی ریکارڈ ہو گئی ہے، جسے جنگلی حیات کے تحفظ کے حوالے سے ایک اہم اور حوصلہ افزا پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔
محکمہ جنگلات و جنگلی حیات بلوچستان کے سیکریٹری عمران گچھکی کے مطابق یہ نایاب جانور 6 اپریل کو پارک کے علاقے “سپٹ” کے قریب تھرمل امیجنگ (حرارتی کیمروں) کی مدد سے دیکھا گیا۔
ہنگول نیشنل پارک پاکستان کے سب سے بڑے اور اہم قدرتی ذخائر میں شمار ہوتا ہے، جہاں مختلف نایاب جنگلی جانور اور پرندے پائے جاتے ہیں۔
حکام کے مطابق فارسی تیندوا انتہائی کم نظر آنے والا شکاری جانور ہے اور اس کی موجودگی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ علاقے میں قدرتی ماحول اور حیاتیاتی نظام ابھی تک برقرار ہے۔
محکمہ جنگلات نے اس نایاب نسل کے تحفظ کے لیے خصوصی ٹیمیں تعینات کر دی ہیں تاکہ اس کے مسکن کو محفوظ بنایا جا سکے اور مستقبل میں اس کی آبادی کو بڑھانے کے اقدامات کیے جا سکیں۔



