جنگ بندی پر برادر ملک پاکستان سمیت تمام فریقین کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتے ہیں،ترک صدر

انقرہ(جانوڈاٹ پی کے)ترکیے کے صدر رجب طیب اردوان نے امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ اعلان کردہ جنگ بندی کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ یہ معاہدہ کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی یا تخریبی کارروائی سے محفوظ رہتے ہوئے مکمل طور پر نافذ العمل ہوگا۔اپنے سرکاری سوشل میڈیا پیغام میں صدر اردوان نے خطے کی حالیہ کشیدہ صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 28 فروری سے جاری وہ تنازع جس نے پورے خطے کو عملی طور پر جنگ کے دہانے پر لاکھڑا کیا، اس کے بعد گزشتہ شب ہونے والا جنگ بندی کا اعلان ایک مثبت اور حوصلہ افزا پیش رفت ہے۔انہوں نے اس پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب اصل امتحان اس بات کا ہے کہ اس جنگ بندی کو عملی میدان میں کس حد تک مؤثر انداز میں برقرار رکھا جاتا ہے۔



