اسرائیلی فورسز نے10منٹ میں لبنان میں حزب اللہ کے ٹھکانوں پر100حملے کردیئے،صہیونی فوج کا دعویٰ

تل ابیب/اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)اسرائیلی فورسز نے10منٹ میں لبنان میں حزب اللہ کے ٹھکانوں پر100حملے کردیئے،صہیونی فوج کا دعویٰ سامنے آگیا۔اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ صرف10منٹ کے اندر لبنان بھر میں سب سے بڑی مربوط فضائی کارروائی مکمل کی گئی، جو آپریشن “Roaring Lion” کے آغاز کے بعد اب تک کی سب سے بڑی کارروائی قرار دی جا رہی ہے۔ اسرائیلی حکام کے مطابق اس حملے میں100سے زائد حزب اللہ ہیڈکوارٹرز، تنصیبات اور کمانڈ اینڈ کنٹرول مراکز کو نشانہ بنایا گیا۔فوجی بیان کے مطابق یہ حملے بیروت،وادی بقاع (Beqaa) اور جنوبی لبنان میں کیے گئے، جہاں حزب اللہ کے ان مراکز کو ہدف بنایا گیا جو مبینہ طور پر حملوں کی منصوبہ بندی، میزائل لانچنگ اور بحری کارروائیوں کے لیے استعمال ہو رہے تھے۔
اسرائیل کا کہنا ہے کہ ان اہداف میں انٹیلی جنس کمانڈ سینٹرز، مرکزی ہیڈکوارٹرز، فائر پاور اور نیول یونٹس کا انفراسٹرکچر شامل تھا۔اس کارروائی میں خاص طور پر حزب اللہ کی رضوان فورس اور ایریل یونٹ کے اثاثوں کو بھی نشانہ بنایا گیا، جنہیں تنظیم کی ایلیٹ فورسز سمجھا جاتا ہے۔اسرائیلی حکام کے مطابق ان یونٹس کا مقصد شمالی اسرائیل پر راکٹ،ڈرون اور دیگر حملوں کی صلاحیت کو بڑھانا تھا۔



