"علاج ہر شہری کا بنیادی حق ہے”، عالمی یومِ صحت پر بلاول بھٹو زرداری کا پیغام

کراچی (جانوڈاٹ پی کے)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عالمی یومِ صحت کے موقع پر ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی قوم کی اصل طاقت اس کے عوام کی صحت، وقار اور فلاح و بہبود میں ہوتی ہے، نہ کہ صرف دولت میں۔
انہوں نے واضح کیا کہ معیاری علاج معالجہ چند افراد کا استحقاق نہیں بلکہ ہر شہری کا بنیادی انسانی حق ہے، اور ایک منصفانہ معاشرہ وہی ہوتا ہے جہاں نہ کوئی ماں زچگی کے دوران خوف میں ہو اور نہ کوئی بچہ اپنے خوابوں سے محروم۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے پاکستان میں انسدادِ پولیو مہم کا آغاز کر کے ایک تاریخی قدم اٹھایا، جس کا مقصد ہر بچے کو قابلِ تدارک بیماریوں سے محفوظ بنانا تھا۔
انہوں نے سندھ میں صحت کے شعبے میں اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایس آئی سی وی ڈی، جناح اسپتال، ایس آئی یو ٹی، جی آئی ایم ایس اور این سی ایچ جیسے اداروں کو مضبوط بنایا گیا ہے، جہاں لاکھوں افراد کو بلاامتیاز مفت اور معیاری علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ زچہ و بچہ کی شرح اموات میں کمی کے لیے مختلف پروگرامز، بنیادی صحت، غذائیت، حفاظتی ٹیکہ جات اور کمیونٹی سطح کے اقدامات پر مسلسل سرمایہ کاری کی جا رہی ہے تاکہ ماؤں اور بچوں کی زندگیاں محفوظ بنائی جا سکیں۔
آخر میں انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ آئیے عہد کریں ایک ایسا پاکستان بنانے کا جہاں علاج ایک حق ہو، ہسپتال امید کے مراکز ہوں اور ہر زندگی کو تحفظ اور نگہداشت حاصل ہو۔



