ڈہرکی:ماڑی انرجی کے تعاون سے عوام کو سستی اشتیا کی فراہمی

ڈہرکی(رپورٹ:وجئے کمار چاولہ)ڈہرکی میں ڈپٹی کمشنر گھوٹکی کی ہدایات پر انتظامیہ کی جانب سے رمضان بچت بازار قائم کیا گیا ہے جہاں ماڑی انرجی کے تعاون سے شہریوں کو مہنگائی کے اس دور میں نمایاں ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے۔ بچت بازار میں اشیائے خوردونوش، تازہ پھل، سبزیاں، گوشت اور روزمرہ استعمال کی دیگر ضروری اشیاء کے ساتھ عیدالفطر کی خریداری کے لیے کپڑوں، جوتوں اور دیگر سامان کے مختلف اسٹالز بھی سجائے گئے ہیں۔رمضان بچت بازار کا ماڑی انرجی کے اعلیٰ افسران لیفٹیننٹ کرنل ریٹائرڈ نبیل حسن شاہ اور سینئر آفیسر رؤف بریرو نے انتظامیہ کے ہمراہ تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مختلف اسٹالز کا جائزہ لیا اور شہریوں کو صاف ستھرے ماحول میں معیاری اور صحت مند اشیاء سستے داموں فراہم کرنے کی ہدایات بھی دیں۔اس موقع پر ماڑی انرجی کے افسران کی جانب سے رمضان بچت بازار میں شہریوں کو مزید سہولت اور سبسڈی فراہم کرنے کے لیے لاکھوں روپے مالیت کا چیک بھی اسسٹنٹ کمشنر ڈہرکی کے حوالے کیا گیا اور آئندہ بھی تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔اسسٹنٹ کمشنر ڈہرکی عابد قمر نے ماڑی انرجی کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے نہ صرف عام شہری بلکہ غریب، متوسط اور سفید پوش طبقہ بھی رمضان المبارک میں سحری و افطاری کے لیے معیاری اشیاء باآسانی حاصل کر رہا ہے، جبکہ عیدالفطر کی خوشیوں کے لیے کپڑے، جوتے اور دیگر ضروری سامان بھی مناسب قیمتوں پر خرید کر اپنے بچوں کے ساتھ عید کی خوشیاں منا سکے گا۔



