ڈہرکی بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم سے کٹوتی، خواتین سراپا احتجاج

ڈہرکی(رپورٹ:وجے کمار چاولہ/جانوڈاٹ پی کے)ڈہرکی اور گردونواح میں بے نظیر بھٹو انکم سپورٹ پروگرام کے تحت ملنے والی امدادی رقم سے مستحق خواتین کی رقم میں سے ایک ہزار سے پندرہ سو روپے تک کٹوتی کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ متاثرہ خواتین کے مطابق جب وہ اپنی رقم وصول کرنے کے لیے ڈیوائس ایجنٹوں کی دکانوں پر جاتی ہیں تو انہیں مکمل رقم نہیں دی جاتی بلکہ مختلف بہانوں سے کٹوتی کرلی جاتی ہے۔
خواتین کا کہنا ہے کہ جب اس غیر قانونی کٹوتی کے خلاف شکایت کی جاتی ہے تو ڈیوائس ایجنٹ فوری طور پر دکانیں بند کرکے موقع سے فرار ہوجاتے ہیں۔ اس صورتحال کے باعث روزہ دار خواتین شدید گرمی اور روزے کی حالت میں خوار ہونے پر مجبور ہیں اور کئی گھنٹوں تک رقم کے حصول کے لیے انتظار کرتی رہتی ہیں۔متاثرہ خواتین اور شہری حلقوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈہرکی اور گردونواح میں سرگرم ڈیوائس ایجنٹ مافیا اور مبینہ بھتہ خور عناصر کے خلاف فوری کارروائی کی جائے تاکہ مستحق خواتین کو ان کی مکمل امدادی رقم بلا کٹوتی فراہم ہوسکےانہوں نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ اس معاملے کا نوٹس لے کر ذمہ دار افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے اور مستحق خواتین کو درپیش مشکلات کا فوری ازالہ کیا جائے۔



