سرگودھا آرٹس کونسل میں”عروج اقبال مشاعرہ”شرکاء کا زبردست خراج عقیدت

سرگودھ(جانوڈاٹ پی کے) پنجاب آرٹس کونسل سرگودھا ڈویژن کے زیرِ اہتمام ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے 148ویں یومِ پیدائش کے موقع پر "عروجِ اقبال” مشاعرہ منعقد کیا گیا۔ جس کی صدارت ممتاز شاعر و ادیب،صحافی اور براڈ کاسٹر ممتاز عارف نے کی۔نظامت کے فرائض ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم نے انجام دئے۔

اس ادبی تقریب کا مقصد شاعرِ مشرق کو خراجِ عقیدت پیش کرنا اور ان کے افکار و فلسفے کی موجودہ دور میں اہمیت کو اجاگر کرنا تھا۔ تقریب میں سرگودھا کے معروف شعراء اور ادبی شخصیات نے شرکت کی، جن میں پروفیسر ہارون الرشید، ڈاکٹر آصف رضا، ڈاکٹر ثمینہ گل، زبیر بسرا، عرفان رشید، خالد یوسفی، نجمہ منصور، ذوالفقار احسن اور یوسف خالد شامل تھے۔ شعراء نے اپنی شاعری کے ذریعے اقبال کے فلسفے کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی، جن میں خودی، روحانی احیاء اور مسلم امہ کے لیے خوشحال و خودمختار قوم کا تصور نمایاں رہا۔

حاضرین نے شعراء کی کاوشوں کو سراہا۔شعراءنے اس بات پر زور دیا کہ اقبال کا پیغام آج کے دور میں بھی رہنمائی فراہم کرتا ہے۔زبیر بسرا ایڈووکیٹ نے اقبال کے فکر و فن سے متعلق ایک جامع مضمون پیش کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ممتاز عارف نے کہا کہ علامہ اقبال آنے والے زمانوں اور آنے والی صدیوں کے شاعر ہیں،ان کی شاعری آفاقی و کائناتی ہے،ان کا تصور_خودی انسان کو جینے کا ڈھنگ سکھاتا ہے۔ تقریب کے اختتام پر اقبال کی 148ویں سالگرہ کے حوالے سے کیک کاٹا گیا، جس سے شاعرِ مشرق کے لیے اجتماعی عقیدت اور احترام کا اظہار کیا گیا۔

اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر زاہد اقبال، اسسٹنٹ ڈائریکٹر علی یامین، اسسٹنٹ ڈائریکٹر نعمان نزیر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر خواجہ محمد فاروق بھی موجود تھے۔ یہ پروگرام شرکاء میں ادبی و ثقافتی جوش و جذبہ کو دوبارہ زندہ کرنے میں کامیاب رہا اور نوجوانوں کی اخلاقی و فکری بنیادوں کو مضبوط کرنے میں اقبال کے نظریات کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

مزید خبریں

Back to top button