سکھر یونیورسٹی میں “ایگل نیسٹ لیڈرشپ بوٹکیمپ” سے متعلق آگاہی سیشن کا انعقاد

سکھر ( جانوڈاٹ پی کے) سکھر آئی بی اے یونیورسٹی میں “ایگل نیسٹ لیڈرشپ بوٹکیمپ” کے حوالے سے ایک آگاہی سیشن منعقد کیا گیا، جس کا مقصد نوجوانوں میں قیادت، خود اعتمادی اور عملی مہارتوں کو فروغ دینا تھا۔اس سیشن کا اہتمام ملین سمائل ایگل نیسٹ لیڈرشپ بوٹکیمپ کی جانب سے کیا گیا،جب کہ گیسٹ اسپیکر کرشما توگانی نے طلبہ و طالبات کو پروگرام کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
سیشن میں طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جن کے سوالات اور جوش و خروش نے تقریب کو مزید دلچسپ بنا دیا۔اس موقع پر کرشما توگانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایگل نیسٹ ایک نان پرافٹ آرگنائزیشن ہے جو ملک بھر کے نوجوانوں کو سیکھنے، شخصیت سازی اور قیادت کی تربیت فراہم کر رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ ادارہ کلچرل ڈائیورسٹی کو فروغ دینے اور نوجوانوں کی پرسنل گرومنگ میں مدد فراہم کرتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ملین سمائل ایگل نیسٹ لیڈرشپ بوٹکیمپ خاص طور پر خواتین کو زیادہ مواقع فراہم کرتا ہے،جہاں ان کے پردے، سیکیورٹی اور آرام کا خاص خیال رکھا جاتا ہے۔خواتین نے بھی سیشن میں بھرپور شرکت کی اور اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
بوٹکیمپ کی فیس ۹۰ ہزار روپے رکھی گئی ہے،تاہم سکھر IBA یونیورسٹی کے طلبہ کے لیے ۵۰ فیصد رعایت کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔مقررین نے حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ نوجوانوں کی تربیت اور ترقی کے ایسے مثبت اقدامات کی سرپرستی کرے تاکہ مستقبل میں باصلاحیت اور مؤثر قیادت ابھر کر سامنے آئے۔



