بیٹے کے ایک چھوٹے سوال نے میری زندگی بدل دی، کاجول کا انکشاف

ممبئی(jano.pk)بولی وڈ سٹار کاجول نے اپنے ٹاک شو میں بیٹے سے جڑا ایک ایسا لمحہ شیئر کیا جس نے ان کی زندگی اور سوچ پر گہرا اثر چھوڑا۔کاجول اور ٹوئنکل کھنہ نے حال ہی میں ٹو مچ کے نئے ایپی سوڈ کی میزبانی بڑے دلچسپ انداز میں کی، جس میں مہمان کے طور پر عالیہ بھٹ اور ورون دھون موجود تھے۔
اس دوران کاجول نے والدین کے تجربات پر بات کی اور جب عالیہ نے ان سے ایک بچوں کی پرورش کی اہم ٹپ پوچھی، تو کاجول نے نہایت سادگی سے کہا، ’بس ان کی سنو… صرف سنو۔‘کاجول نے وضاحت کی کہ اکثر والدین سمجھتے ہیں بچے زیادہ نہیں جانتے اور ان کی باتوں کو سنجیدہ نہیں لیتے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ بچوں کی چھوٹی چھوٹی باتیں بھی بڑے سبق دے سکتی ہیں۔
کاجول نے یاد کیا کہ جب ان کا بیٹا یوگ صرف آٹھ سال کا تھا، تو اس نے اچانک ان سے پوچھا، ’مما، آپ خود سے کتنا پیار کرتی ہیں؟‘کاجول نے جواب دیا کہ وہ تقریباً 60 سے 70 فیصد وقت اپنے آپ سے محبت کرتی ہیں، لیکن باقی وقت وہ خود پر شک یا تنقید کرتی ہیں۔ اس پر یوگ نے فوراً کہا،’نہیں مما، آپ کو ہمیشہ سو فیصد اپنے آپ سے پیار کرنا چاہیے۔‘
کاجول نے بتایا کہ بیٹے کی یہ بات ان کے دل کو چھو گئی اور وہ آج بھی اس نصیحت کو یاد رکھتی ہیں۔ گزشتہ ماہ یوگ نے اپنی 15ویں سالگرہ منائی۔ اس موقع پر کاجول نے سوشل میڈیا پر ایک جذباتی پوسٹ لکھتے ہوئے کہا، ’ہیپی برتھ ڈے میرے چھوٹے ہیرو! تمہاری مسکراہٹ دنیا کی سب سے قیمتی چیز ہے۔ کاش ہم ہمیشہ ساتھ ساتھ رہیں اور زندگی کی سب سے عجیب باتوں پر بھی ہنس سکیں۔‘

مزید خبریں

Back to top button