اداکارہ صبا قمر شوٹنگ کے دوران بے ہوش ہوگئیں
صبا قمر کو دل سے متعلق تکلیف محسوس ہوئی

راولپنڈی (شوبز رپورٹر): معروف اداکارہ صبا قمر ایک ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران اچانک بے ہوش ہو گئیں، جس کے بعد انہیں فوری طور پر قائداعظم انٹرنیشنل اسپتال راولپنڈی کے انتہائی نگہداشت وارڈ (آئی سی یو) میں منتقل کیا گیا۔ ڈاکٹروں کی بروقت طبی امداد سے ان کی حالت سنبھل گئی اور اب وہ مکمل طور پر صحتیاب ہو چکی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق صبا قمر کو دل سے متعلق تکلیف محسوس ہوئی جس پر انہیں فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا۔ ذرائع کے مطابق اسپتال پہنچنے پر ان کی حالت تشویشناک تھی، تاہم ڈاکٹروں کی جانب سے فوری طبی اقدامات کیے گئے، جن میں اینجیوگرافی بھی شامل ہے۔
ڈاکٹروں نے بتایا کہ اگر فوری طبی امداد فراہم نہ کی جاتی تو صورتحال خطرناک ہو سکتی تھی، تاہم خوش قسمتی سے ان کی طبیعت اب تسلی بخش ہے۔ انہیں اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے اور ڈاکٹروں نے چند ہفتے مکمل آرام کی ہدایت کی ہے۔
قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ صبا قمر ایک بڑے پروجیکٹ کی شوٹنگ میں مصروف تھیں اور شدید ذہنی دباؤ اور تھکن کا شکار تھیں۔ ڈاکٹروں کے مطابق نیند کی کمی اور کام کا دباؤ ان کی بگڑتی ہوئی صحت کی بنیادی وجہ بنی۔
صبا قمر نے انسٹاگرام پر اپنے مداحوں کے لیے ایک پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے اپنی صحت سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اب وہ خود کو بہتر محسوس کر رہی ہیں۔ انہوں نے اپنی تیمارداری کرنے والی ٹیم، ڈاکٹروں اور مداحوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کی صحت یابی کے لیے دعائیں کیں۔
اداکارہ نے مزید لکھا کہ مداحوں کی محبت ہی ان کا حوصلہ ہے اور وہ جلد مکمل صحت یاب ہو کر دوبارہ اپنے کام میں واپس آئیں گی۔



