فلم "سردار جی تھری” کی کامیابی پر ہانیہ عامر کے اعزاز میں شاندار پارٹی
جس میں انڈسٹری کی کئی نامور شخصیات شریک ہوئیں

کراچی (انٹرٹینمنٹ ڈیسک): پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کی بھارتی پنجابی فلم "سردار جی تھری” کی بین الاقوامی کامیابی پر شوبز انڈسٹری کی جانب سے ایک خصوصی پارٹی کا اہتمام کیا گیا، جس میں انڈسٹری کی کئی نامور شخصیات شریک ہوئیں۔
پارٹی کا اہتمام ہانیہ عامر کی قریبی دوست مائدہ نے کیا، جس میں فلم کی کامیابی کا جشن بھرپور انداز میں منایا گیا۔ تقریب میں اداکار ہمایوں سعید، اُشنا شاہ، یاسر حسین، سونیا حسین، عائشہ عمر، یشما گل، مومل شیخ، کومل عزیز سمیت دیگر معروف فنکاروں نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران ہانیہ عامر کو ساتھی فنکاروں کے ساتھ خوشگوار لمحات گزارتے، سیلفیز بناتے، رقص کرتے اور فلم کی کامیابی کا جشن مناتے ہوئے دیکھا گیا۔ سوشل میڈیا پر پارٹی کی تصاویر اور ویڈیوز بھی خوب وائرل ہو رہی ہیں۔
فلم "سردار جی تھری” 27 جون کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں ریلیز ہوئی اور شائقین کی جانب سے بھرپور پذیرائی حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔ رپورٹس کے مطابق فلم نے اب تک عالمی سطح پر 63 کروڑ روپے کا بزنس کیا ہے، جب کہ صرف پاکستان میں 31 کروڑ روپے کا بزنس کر کے بھارتی پنجابی فلم "کیری آن جٹا تھری” کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ملک میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی بھارتی پنجابی فلم بن گئی ہے۔
فلم ایک کامیڈی طرز کی کہانی پر مبنی ہے، جس میں اداکار دلجیت دوسانجھ اور ہانیہ عامر کو بھوتوں کے پیچھے دوڑتے اور دلچسپ صورتحال کا سامنا کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ فلم کی کامیابی نہ صرف ہانیہ عامر کے کیریئر میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوئی ہے بلکہ پاک-بھارت فلمی تعاون کے لیے بھی خوش آئند تصور کی جا رہی ہے۔



