کراچی میں ترقیاتی منصوبوں پرکام تیز،ڈبل ڈیکراورمزیدالیکٹرک بسیں نومبر میں پہنچیں گی،شرجیل میمن

اپنے بیان میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کراچی ملکی معیشت کا اہم مرکز ہے اور اس کی ترقی پورے پاکستان کی معاشی ترقی سے جڑی ہوئی ہے۔ پورٹ قاسم سے ایم نائن موٹروے تک لنک روڈ، ریڈ لائن اور یلو لائن بی آر ٹی سمیت اہم منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کراچی پورٹ سے قیوم آباد تک مجوزہ ایلیویٹڈ ایکسپریس وے شہر کی صنعتی اور تجارتی سرگرمیوں کے لیے اہم منصوبہ ہے، جس سے بندرگاہ، صنعتی علاقوں اور مرکزی شاہراہوں کے درمیان رابطہ بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
سینئر وزیر کے مطابق کراچی میں جدید پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو وسعت دی جا رہی ہے اور ڈبل ڈیکر بسیں سمیت مزید الیکٹرک بسیں نومبر میں کراچی پہنچنے والی ہیں۔ نئے روٹس کی منصوبہ بندی بھی جاری ہے، جبکہ ریڈ، یلو، گرین اور اورنج لائن کو ایک دوسرے سے مربوط کرنے پر کام کیا جا رہا ہے۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ شاہراہوں، انڈر پاسز، پلوں اور دیگر اہم مقامات پر ترقیاتی کام تیز کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ کراچی کے علاوہ سندھ کے دیگر شہروں میں بھی سڑکوں، پلوں، پبلک ٹرانسپورٹ اور شہری سہولیات کے منصوبوں پر توجہ دی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد صرف نئے منصوبے شروع کرنا نہیں بلکہ جاری منصوبوں کو مقررہ معیار کے مطابق مکمل کرنا اور ان کے ثمرات عوام تک پہنچانا ہے۔



