وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ روس کی تیاریاں شروع،دسمبرمیں صدر پیوٹن سے اہم ملاقات متوقع

اسلام آباد(جانو ڈاٹ پی کے)وزیراعظم شہباز شریف دسمبر کے پہلے ہفتے میں بڑے تجارتی وفد کے ہمراہ روس کا سرکاری دورہ کریں گے، جس کے لیے حکومتی سطح پر تیاریوں کا آغاز کردیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ روس کی تیاریوں کے سلسلے میں اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت خود وزیراعظم نے کی۔ دورے کے دوران وزیراعظم کے ہمراہ ایک بڑا تجارتی وفد بھی ماسکو جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف ماسکو میں مشترکہ بزنس فورم سے خطاب کریں گے، جہاں پاکستان اور روس کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔
دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کی روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات بھی ہوگی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور زیر بحث آنے کا امکان ہے۔



