پاکستان اورسنگاپور میں تجارت، سرمایہ کاری اور تعلیمی تعاون بڑھانے پراتفاق،دوطرفہ سیاسی مشاورت کاسلسلہ جاری رکھنےکافیصلہ

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سنگاپور کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ویوین بالاکرشنن سے وزارت خارجہ میں ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے دیرینہ دوستانہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری، روابط کے فروغ اور علاقائی و عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے سنگاپور کے وزیر خارجہ کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ ان کی میزبانی پر خوشی ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان مسلسل دوطرفہ سیاسی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق ہوا ہے۔ پاکستان ان اولین ممالک میں شامل تھا جنہوں نے سنگاپور کو تسلیم کیا، جبکہ سنگاپور کے کسی وزیر خارجہ کا دو دہائیوں میں یہ پہلا دورہ پاکستان ہے۔
اسحاق ڈار نے بتایا کہ ملاقات میں خطے سمیت عالمی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی۔ سنگاپور میں پاکستانی ہائی کمیشن کے اندر ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ دفتر دوبارہ کھول دیا گیا ہے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور سرمایہ کاری روابط کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔
سنگاپور کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ویوین بالاکرشنن نے کہا کہ پاکستان مشرق وسطیٰ کی کشیدگی میں قابلِ تعریف کردار ادا کر رہا ہے، جس پر وہ پاکستان کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے پاکستان کو خوبصورت ملک قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ایک چھوٹے سے جزیرے کے ملک سے تعلق رکھتے ہیں، جبکہ پاکستان پہاڑوں اور سرسبز علاقوں کی سرزمین ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے دورہ سنگاپور کی دعوت قبول کرلی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سنگاپور کے درمیان تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں اور دونوں ممالک کو مختلف شعبوں میں روابط مزید مضبوط بنانے چاہئیں۔
ڈاکٹر ویوین بالاکرشنن نے کہا کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے ساتھ ایک اہم مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے ہیں، جس کے تحت قدرتی آفات سے نمٹنے، پیشگی اطلاع کے نظام اور دیگر متعلقہ شعبوں میں تعاون کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ قدرتی آفات سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششیں ضروری ہیں۔
دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور سنگاپور کے سفارتی تعلقات کے قیام کی 60ویں سالگرہ کے موقع پر دیرینہ اور دوستانہ تعلقات کا جائزہ لیا۔ اعلیٰ سطح کے مسلسل تبادلوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری، روابط کے فروغ اور ہنرمندی کی ترقی میں تعاون بڑھانے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں کاروباری اداروں کے درمیان روابط اور عوامی سطح پر تعلقات کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا، جبکہ کثیرالجہتی فورمز پر تعاون اور آسیان (ASEAN) کے ساتھ پاکستان کے بڑھتے ہوئے روابط بھی زیر بحث آئے۔
علاقائی اور عالمی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے تنازعات کے حل اور پائیدار امن و استحکام کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا۔



