انتخابی اصلاحات پرحکومت اپوزیشن کومذاکرات کی میز پرلانے کیلئے تیار
انتخابی اصلاحات پر حکومت کا اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دینے کا فیصلہ، پارلیمانی کمیٹی میں 5 ارکان شامل ہوں گے

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)حکومت نے آئندہ انتخابات کو شفاف بنانے اور انتخابی اصلاحات کے عمل کو آگے بڑھانے کے لیے کوششیں تیز کردی ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے انتخابی اصلاحات کے معاملے پر اپوزیشن کے ساتھ مذاکرات کے لیے آمادگی ظاہر کرتے ہوئے اسے پارلیمانی کمیٹی میں شامل کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ انتخابی اصلاحات کے لیے قائم 20 رکنی پارلیمانی کمیٹی میں اپوزیشن کے پانچ ارکان کو شامل کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ اپوزیشن سے کمیٹی میں نامزدگی کے لیے ارکان کے نام طلب کیے جائیں۔
اس سلسلے میں اسپیکر قومی اسمبلی اپوزیشن کو پارلیمانی کمیٹی میں شمولیت کی دعوت دینے کے لیے خط لکھیں گے۔ خط کے ذریعے اپوزیشن سے کمیٹی کے لیے پانچ ارکان کے نام فراہم کرنے کی درخواست کی جائے گی۔
حکومتی ذرائع کے مطابق اس اقدام کا مقصد انتخابی اصلاحات کے عمل میں اپوزیشن کی شمولیت یقینی بنانا اور آئندہ انتخابات کے نظام کو زیادہ شفاف بنانے کے لیے پارلیمانی سطح پر مشاورت کو فروغ دینا ہے۔



