ہاکی لیجنڈ شہباز احمد سینئر کا سیاست میں آنے کا فیصلہ، جلد باضابطہ اعلان متوقع

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان ہاکی ٹیم کے لیجنڈکھلاڑی اور سابق کپتان شہباز احمد سینئر نے سیاست میں آنےکا فیصلہ کرلیا۔

ذرائع کے مطابق شہباز احمد سینئر جلد اس حوالے سے باضابطہ اعلان کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ شہباز احمد سینئر آئندہ عام انتخابات میں اپنے آبائی شہر فیصل آباد سے انتخابات میں حصہ لینےکا ارادہ رکھتے ہیں۔

خیال رہےکہ شہباز احمد سینئرکا شمار ناصرف پاکستان بلکہ ہاکی کی تاریخ کے چند بہترین فارورڈز میں ہوتا ہے۔

شہباز احمد سینئرکو ان کی تیز رفتاری، حیران کن باڈی ڈاج، شاندار ڈربلنگ اور پھرتی کی وجہ سے ‘میراڈونا آف ہاکی’ اور ‘مین ود الیکٹرک ہیل’ جیسے القابات دیےگئے۔

شہباز احمد نے اپنے بین الاقوامی کریئر میں 92 گول کیے، ان کی کپتانی میں ہی پاکستان نے آخری بار 1994 میں ہاکی کا ورلڈکپ جیتا تھا۔

وہ پہلے کھلاڑی ہیں جنہیں مسلسل 2 ہاکی ورلڈکپ (1990 اور 1994) میں  مین آف دی ٹورنامنٹ کا اعزاز ملا۔

اس کے علاوہ شہباز احمد سینئر  ہاکی کے واحد کھلاڑی ہیں جنہیں حکومت پاکستان  نے ہلال امتیاز کے ایوارڈ سے نوازا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button