طارق فضل چوہدری کی عامر ڈوگر کو انتخابی اصلاحات کمیٹی میں شمولیت کی پیشکش

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے تحریک انصاف کے قومی اسمبلی میں چیف وہپ ملک عامر ڈوگر کو انتخابی اصلاحات کمیٹی میں شامل ہونے کی آفر کردی۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے طارق فضل چوہدری نے کہا کہ اپوزیشن قومی اسمبلی اور سینیٹ اراکین پر مشتمل 30 رکنی انتخابی اصلاحات کمیٹی میں شامل ہو جس کی تحریک قومی اسمبلی میں پاس ہوچکی ہے، یہ کمیٹی انتخابی اصلاحات پر بات کرے گی تاکہ آئندہ کے انتخابات کو غیر متنازعہ بنانا ممکن ہو۔
پاکستان تحریک انصاف کے قومی اسمبلی میں چیف وہپ ملک عامر ڈوگر نے انتخابی اصلاحات کمیٹی کو اچھا اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ میں اس آفر کو مسترد نہیں کررہا ہم پارٹی میں مشاورت کے بعد فیصلہ کریں گے۔
طارق فضل چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی کو مشورہ ہے کہ آگے سیاسی طور پر سنبھل کر چلے، پی ٹی آئی کی قیادت فیصلہ کرتی تھی اور سہیل آفریدی ویٹو کردیتے تھے، خیبر پختونخوا میں آخری آپشن کے طور پر ایمرجنسی کے نفاذ کا فیصلہ کیا گیا، تحریک انصاف کا المیہ ہے کہ ابھی ان کا متفقہ لیڈر کوئی بھی نہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اسلام آباد کو سب سے پہلے بااختیار انتظامی یونٹ بنانے جارہے ہیں، اسلام آباد کی اپنی قانون ساز اسمبلی ہوگی، تمام محکمے ایک چھت تلے لائیں گے، یہ انتظامی یونٹ کا ایک بہترین ماڈل ہوگا باقی صوبے فالو کریں اس کو۔
پی ٹی آئی رہنما عامر ڈوگر نے کہا کہ پارٹی میٹنگ میں سہیل آفریدی پر اعتماد کا اظہار کیا گیا ہے، جس پر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ اگر اب بھی کہہ رہے کہ سہیل آفریدی پر اعتماد ہے تو مطلب ہے کہ یہ مزید بھگتیں گے، عامر ڈوگر بولے کہ ہم سب چاہتے ہیں کہ ملک سے دہشت گردی کا ناسور جڑ سے ختم ہو۔



