خشک میوہ جات عام آدمی کی پہنچ سے دور، قیمتوں میں 40 فیصد تک اضافہ
خشک میوہ جات کی قیمتوں کو پر لگ گئے، پستہ 5 ہزار اور کاجو 4 ہزار 500 روپے فی کلو تک پہنچ گیا

کوئٹہ (جانو ڈاٹ پی کے)کوئٹہ میں سردیوں کی آمد کے ساتھ ہی خشک میوہ جات کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ ہوگیا ہے۔ رواں سال مختلف خشک میوہ جات کی قیمتیں 30 سے 40 فیصد تک بڑھنے سے شہری پریشان ہیں، جبکہ عام آدمی کے لیے سردیوں کی یہ سوغات خریدنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔
گزشتہ سال 3 ہزار روپے فی کلو میں فروخت ہونے والا پستہ اب 5 ہزار روپے فی کلو تک پہنچ گیا ہے۔ بادام کی قیمت میں بھی 1200 روپے کا اضافہ ہوا ہے،جس کے بعد یہ 3 ہزار 200 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔اسی طرح کاجو کی قیمت 3 ہزار روپے سے بڑھ کر 4 ہزار 500 روپے فی کلو ہوگئی ہے، جبکہ چلغوزہ 6 ہزار سے 8 ہزار روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔قیمتوں میں اضافے نے شہریوں کے گھریلو بجٹ کو متاثر کیا ہے۔ خشک میوہ جات کے شوقین افراد کے لیے اب سردیوں میں ان کا استعمال بھی مہنگا پڑنے لگا ہے۔دکانداروں کا کہنا ہے کہ ماضی میں خشک میوہ جات کی قیمتوں میں عموماً سال میں ایک بار اضافہ ہوتا تھا، تاہم اب قیمتیں چند ہی دنوں میں تبدیل ہو رہی ہیں۔



