کراچی:اینیمیٹڈ فحش مواد کی تیاری اور بلیک میلنگ کے الزام میں13 افراد گرفتار

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)کراچی میں بچوں کو ملوث کرکے اینیمیٹڈ پورنوگرافی کا انکشاف ہوا ہے، تین کمپنیاں پکڑی گئيں، 12 بچے بازیاب کروالیے گئے۔

کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے کارروائی کے دوران 42 افراد کو حراست میں لیا، جن میں سے 13 کو اینیمیٹڈ فحش مواد بنانے اور اس کے ذریعے بلیک میلنگ میں مبینہ طور پر ملوث ہونے پر باضابطہ گرفتار کرلیا گیا۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے طارق نواز نے نجی ٹی وی سے ٹیلیفونک گفتگو میں بتایا کہ دو روز قبل گلستان جوہر میں ایک مقام پر چھاپہ مارا گیا، جہاں مبینہ طور پر اینیمیٹڈ فحش مواد تیار کرنے کا کام کیا جا رہا تھا۔

طارق نواز کے مطابق کارروائی کے دوران مجموعی طور پر 42 افراد کو حراست میں لیا گیا، جن میں سے 13 افراد کو باضابطہ گرفتار کرکے عدالت سے ان کا ریمانڈ حاصل کرلیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان اینیمیٹڈ فحش مواد کی تیاری اور فروخت میں ملوث پائے گئے ہیں۔ ملزمان خواتین کی جعلی شناخت سے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بنا کر ان پر فحش کلپس اپ لوڈ کرتے تھے۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر کے مطابق بعض افراد ملزمان سے پہلے سے تیار کردہ کلپس خریدتے تھے، جبکہ کچھ لوگ اپنی پسند کے مطابق خصوصی طور پر مواد تیار کرواتے تھے۔

طارق نواز نے انکشاف کیا کہ ملزمان مواد فراہم کرنے کے بعد خریداروں کو بھی مبینہ طور پر بلیک میل کرتے تھے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ملزمان کے مقامی اور بین الاقوامی خریداروں سے متعلق بھی تحقیقات جاری ہیں تاکہ اس نیٹ ورک سے وابستہ دیگر افراد کا سراغ لگایا جاسکے۔

مزید خبریں

Back to top button