فیفا انڈر15 ورلڈ کپ میں پاکستان کو پہلے میچ میں گیمبیا کے ہاتھوں 4-2 سے شکست

آذربائیجان(جانوڈاٹ پی کے)آذربائیجان میں فیفا انڈر 15 ورلڈ کپ اینڈ فیسٹیول 2026ء کے پہلے روز پاکستان کو اپنے پہلے میچ میں گیمبیا کے ہاتھوں 4-2 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
پاکستان نے تاریخی ڈیبیو میچ میں 2 گول کی برتری حاصل کی تاہم گیمبیا نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے کامیابی اپنے نام کرلی۔
پاکستان انڈر 15 فٹ بال ٹیم نے اپنے پہلے ہی میچ میں جارحانہ آغاز کیا اور 5ویں منٹ میں امیر حمزہ نے شاندار گول کرکے پاکستان کو برتری دلادی۔
امیر حمزہ نے گیمبیا کے دفاعی کھلاڑیوں کو چکمہ دیتے ہوئے آگے بڑھے اور زوردار شاٹ کے ذریعے گیند کو جال میں پہنچادیا۔
پاکستان کے دوسرے گول میں بھی امیر حمزہ نے اہم کردار ادا کیا، ان کے کامیاب ٹیکل کے بعد گیند باکسی حمل خان کے پاس پہنچی، جنہوں نے بائیں جانب سے آگے بڑھتے ہوئے شاندار شاٹ پر گیند کو گول کے اوپری کونے میں پہنچا کر پاکستان کی برتری 2-0 کردی۔
تاہم گیمبیا نے پہلے ہاف کے اختتام سے قبل 1 گول کرکے خسارہ کم کردیا اور وقفے پر پاکستان کو 2-1 کی برتری حاصل تھی۔
دوسرے ہاف کے آغاز میں گیمبیا نے دباؤ بڑھایا اور پاکستان کے گول کیپر شیان سے گیند نکل جانے کے بعد مقابلہ 2-2 سے برابر کردیا۔
گیمبیا کے مسلسل حملوں کے بعد پاکستان نے بھی کھیل میں واپسی کی کوشش کی، کلیم اللّٰہ نے 3 سے زائد مرتبہ حریف گول پر شاٹس لگائے تاہم گیمبیا کے گول کیپر نے ان کی کوششیں ناکام بنادیں۔
پاکستان کی جانب سے دوبارہ برتری حاصل کرنے کی کوششوں کے دوران گیمبیا نے جوابی حملے میں تیسرا گول کرکے پہلی مرتبہ میچ میں برتری حاصل کی۔
اس کے بعد گیمبیا کے ایک اور کھلاڑی نے گیند کو خوبصورتی سے گول کے اوپری کونے میں پہنچاکر اسکور 4-2 کردیا۔
پاکستان ٹیم میچ میں 2 گول کی ابتدائی برتری برقرار نہ رکھ سکی اور دوسرے ہاف میں 3 گول کھانے کے باعث اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔



