چین میں عمارت کی 12 منزل پر لٹکنے والی بچی کو بحفاظت بچا لیا گیا

فوجیان(جانوڈاٹ پی کے)چین میں ایک عمارت کی 12 ویں منزل سے لٹکنے والی بچی کو بحفاظت بچا لیا گیا۔
چین کے صوبے فوجیان کے شہر زینگ پنگ میں یہ واقعہ 17 اکتوبر کو سامنے آیا۔
چینی میڈیا کے مطابق ایک اپارٹمنٹ بلڈنگ کی 12 ویں منزل پر موجود کھڑکی میں یہ بچی لٹک رہی تھی۔
اس منظر کو دیکھ کر پڑوسی اور سکیورٹی اہلکار بچی کو بچانے کے لیے بھاگے۔
انہوں نے ایک اسٹول کے ذریعے اس بچی کے جسم کو اس وقت تک سپورٹ فراہم کی جب تک فائر فائٹرز وہاں نہیں پہنچ گئے۔
اس واقعے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے۔
عمارت کے رہائشیوں نے بتایا کہ بظاہر یہ بچی کھڑکی کی گِرل پر چڑھ رہی تھی جب اس کا سر سلاخوں کے درمیان پھنس گیا۔
اس بچی نے سلاخوں کو مضبوطی سے پکڑ لیا تھا جبکہ اس کا جسم ہوا میں لٹکنے لگا۔
بچی کی حالت دیکھ کر ایک فرد نے اس کی تصویر کو عمارت کی گروپ چیٹ میں شیئر کرتے ہوئے فوری مدد کی درخواست کی۔
اس وقت بچی کے گھر والوں میں سے کوئی بھی موجود نہیں تھا، سکیورٹی اہلکار اور پڑوسی فوری طور پر وہاں پہنچے اور بچی کے گھر کے نیچے موجود فلیٹ میں داخل ہوگئے۔
2 افراد نے وہاں کی کھڑکی سے باہر نکل کر ایک اسٹول کو بچی کے جسم کے نیچے رکھ دیا تاکہ وہ پھسل کر نیچے نہ گر جائے۔
بچی کا والد اس وقت دفتر میں تھا جبکہ ماں گھر کا سودا سلف لینے کے لیے گئی ہوئی تھی۔
فائر فائٹرز نے وہاں پہنچ کر بچی کے فلیٹ کا دروازہ توڑا اور پھر اسے بچالیا۔
بعد ازاں اسے طبی معائنے کے لیے اسپتال لے جایا گیا، البتہ اس کی حالت کے بارے میں کوئی رپورٹ سامنے نہیں آسکی۔
太惊险了😱爸爸去上班,妈妈早起去买菜,一岁多的孩子被挂16楼阳台。
后续被众人合力救下🙏 https://t.co/2cMDzwVuIc
— 小牛 (@Xiaoniu6161) October 17, 2026



