پاکستان اور قطر کا داخلی سکیورٹی تعاون اور شراکت داری بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے قطر کے وزیر داخلہ اور داخلی سلامتی فورس کے کمانڈر شیخ خلیفہ بن حمد بن خلیفہ آل ثانی سے ملاقات کی، جس میں داخلی سکیورٹی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے اور سکیورٹی شراکت داری مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
وزارت داخلہ کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور قطر کے درمیان داخلی سلامتی سے متعلق مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے سکیورٹی پارٹنرشپ کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات کے دوران خطے کی موجودہ صورتحال، علاقائی امن و استحکام اور باہمی دلچسپی کے امور بھی زیرِ بحث آئے۔ دونوں جانب سے وزارت داخلہ کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور سکیورٹی کے شعبے میں اشتراک بڑھانے پر زور دیا گیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان اور قطر علاقائی امن و استحکام کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دینے کے مواقع موجود ہیں۔
قطری وزیر داخلہ شیخ خلیفہ بن حمد بن خلیفہ آل ثانی نے کہا کہ قطر پاکستان کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان داخلی سلامتی اور باہمی شراکت داری کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔



