کوہاٹ پولیس لائنز حملے کا مبینہ ماسٹر مائنڈ ہلاک، لکی مروت میں سکیورٹی فورسزکابڑا آپریشن

سی ٹی ڈی کے مطابق ایف آر لکی مروت میں کارروائی کے دوران اہم دہشت گرد کمانڈر زاہد گل مارا گیا، جس پر الزام تھا کہ اس نے کوہاٹ پولیس لائنز پر حملے میں استعمال ہونے والی خودکش بارود بردار گاڑی کی خود رہنمائی کی تھی۔ حکام کا کہنا ہے کہ وہ دہشت گرد نیٹ ورک کے لیے خودکش حملہ آوروں کی ترسیل میں بھی ملوث رہا۔
سی ٹی ڈی کے مطابق زاہد گل بلی تنگ بینک ڈکیتی میں بھی موقع پر موجود تھا، جہاں مبینہ طور پر 60 لاکھ روپے لوٹے گئے تھے۔ حکام کا دعویٰ ہے کہ ڈکیتی کی رقم بکاخیل اور جانی خیل میں دہشت گرد گروہوں میں تقسیم کی گئی۔
حکام نے مزید بتایا کہ تقریباً دو ماہ قبل مذکورہ دہشت گرد نئی کوہاٹ پولیس لائنز کو نشانہ بنانے کے لیے بھی خودکش حملہ آور لایا تھا، تاہم یہ منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔ سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک دہشت گرد کے مبینہ اگلے اہداف میں کوہاٹ میں پی اے ایف کا سیٹ اپ اور پولیس ٹریننگ اسکول شامل تھے، جبکہ اس کی تشکیل کے دیگر کارندے پہلے ہی سیکیورٹی اداروں کی حراست میں ہیں۔



